ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حق رائے دہی کے استعمال کے ذریعہ مضبوط ملک تعمیر کریں قومی یوم رائے دہندگان کی تقریب سے گورنر وجو بھائی کا خطاب 1950پر کال کرکے تصدیق کرلیں

حق رائے دہی کے استعمال کے ذریعہ مضبوط ملک تعمیر کریں قومی یوم رائے دہندگان کی تقریب سے گورنر وجو بھائی کا خطاب 1950پر کال کرکے تصدیق کرلیں

Sat, 26 Jan 2019 12:34:03    S.O. News Service

بنگلورو26جنوری (ایس او نیوز) رائے دہی ملک کے ہر شہری کا حق ہے ، اس حق کو پوری دلچسپی ویکسوئی کے ساتھ استعمال میں لانا چاہئے ۔ حق رائے دہی ملک کی خدمت باور کرتے ہوئے انجام دینے کے ذریعہ ہندوستان کو دنیا بھر میں مضبوط و مستحکم ملک بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار ریاستی گورنر وجو بھائی روڈھا والا نے کیا۔ 

شہر کے ٹاؤن ہال میں قومی یوم رائے دہندگان ( نیشنل ووٹرس ڈے)تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے وجو بھائی نے کہا کہ ملک ومعاشرہ کو مضبوط ومستحکم کرنا ہے تو حق رائے دہی میں بھر پور شرکت وحصہ داری کی ضرورت ہے ۔ رائے دہی کا استعمال ہر ووٹر کا حق ہے ۔ کسی بھی ووٹر کیلئے یہ مناسب نہیں ہے کہ وہ رائے دہی کے استعمال میں سستی و کوتاہی کرے ، گورنرنے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حق رائے دہی کا قدیمی طریقہ کار میں چند خامیاں تھیں ۔ پہلے کے ووٹنگ طریقہ میں عوام کو بہت سارے خدشات تھے ۔ لیکن وی وی پیاٹ لائے جانے کے بعد رائے دہی کے سلسلہ میں عوامی ذہنوں میں موجود تمام شکوک وشبہات ختم ہوگئے ہیں۔ عوام اب اس پر اعتماد کرنے لگے ہیں۔

انہوں نے عوام اور خصوصی طور پر نوجوان نسل کو آواز دیتے ہوئے کہا کہ ووٹر فہرست میں اپنا نام ہے یا نہیں اس کی سب سے پہلے تصدیق کرلیں۔اگر نام نہیں ہے تو فوراً ووٹر فہرست میں اپنے ناموں کا اندراج کروالیں ،جس فرد کو حق رائے دہی کی اہمیت معلوم ہوگئی ہے ، اس کو چاہئے کہ وہ اپنے اطراف و اکناف اپنے رہنے والوں میں بیداری لانے کی کوشش کرے، اپنا حق رائے دہی استعمال کرکے خاموش نہ بیٹھیں دوسروں کو اس کی ترغیب دیں۔ پاس پڑوس میں رہنے والوں کو ووٹرفہرست میں نام اندراج کروانے کی تلقین کرتے رہیں ۔ جمہوری ملک میں رائے دہی ایک حق ہے ،اپنے حق کااستعمال کرنے میں کوتاہی ہر گزنہ برتیں ، اپنے حق کو آپ خود استعمال میں لاتے ہوئے مضبوط و مستحکم ملک بنانے میں جڑ جائیں۔

گورنر نے کہا کہ عوامی نمائندوں یاامیدواروں کومنتخب کرنے کے سلسلہ میں دانشمندی کا ثبوت دیں ۔ انتخابی میدان میں اگر دو امیدوار برے ہوں تو ان میں سب سے کم برائی کس میں ہے اس کو شناخت کرنا ضروری ہے ، کم برے امیدوار کے حق میں رائے دہی کرتے ہوئے اس کو عوامی نمائندہ منتخب کریں۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے افسر کے این اجئے نے خیر مقدمی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی باضابطہ رپورٹ کے مطابق 5کروڑ 3لاکھ رائے دہند گان ووٹر فہرست میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس بار اپنا شناختی نعرہ یہ طے کیا ہے کہ کوئی بھی ووٹر حق رائے دہی سے باہرنہ ہو نے پائے ۔ ہر ووٹر اپناحق رائے دہی ضرور استعمال میں لائے۔ انہوں نے مزید کہا ہر شہری کو چاہئے کہ وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ووٹر فہرست میں اپنا نام درج ہے یا نہیں اس کی جانچ کرلے ۔اگر ووٹرفہرست میں نام نہیں ہے تو متعلقہ افسرکی توجہ اس جانب مبذول کرتے ہوئے اپنا نام درج کروالیں ۔ اگر کسی ووٹر کی شخصی معلومات میں کچھ کمی بیشی ہے یا خامی ہے تو وہ فوری طور پر درست کرلیں ۔ اس موقع پر گورنر وجو بھائی کے ہاتھوں ریاستی سطح کے کیوز مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے اسکولی طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔ اس پروگرام میں بی بی ایم پی کے کمشنر منجوناتھ پرساد ودیگر حکام شریک رہے۔
 


Share: